نئی دہلی ۔ یکم مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم ہندوستان نریندر مودی اور صدر ترکی رجب طیب اردوغان کی بات چیت کے بعد ہندوستان اور ترکی کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں دیگر اُمور کے علاوہ اقوام متحدہ کی اصلاحات کا بھی تذکرہ ہے ۔ دونوں قائدین نے عالمی ادارے کی جامع اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل میں توسیع ضروری ہے تاکہ یہ کونسل زیادہ نمائندہ ، جوابدے اور مؤثر بن سکے ۔ جامع اصلاحات پر زور خاص طورپر سلامتی کونسل میں اضافہ کے مطالبے کا بالواسطہ مطلب یہ ہے کہ ترکی سلامتی کونسل میں ہندوستان کو مستقل نشست فراہم کرنے کی تائید میں ہے ۔ دونوں ممالک نے کئی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے ۔ صدر اردوغان نے صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی اور وزیراعظم نریندر مودی کو ترکی کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔