اقوام متحدہ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کی جانب سے کئے گئے پانچویں نیوکلیائی ٹیسٹ کی سخت مذمت کرتے ہوئے آج کہا کہ اس سلسلے میں جلد ہی ایک تجویز پیش کی جائے گی۔امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے شمالی کوریا کی جانب سے اب تک کا سب سے بڑا نیوکلیائی ٹیسٹ کیے جانے کے بعد اس کے خلاف نئی پابندیاں عائدکئے جانے کی سلامتی کونسل سے کل اپیل کی تھی۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا نے کل اپنا اب تک کا سب سے بڑا نیوکلیائی تجربہ کیا تھا۔ یہ اس کا پانچواں نیوکلیائی ٹیسٹ تھا۔امریکہ، روس، جاپان، فرانس اور برطانیہ سمیت کئی ممالک نے شمالی کوریا کے نیوکلیائی ٹیسٹ کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی اور اسے علاقے کے امن وسلامتی کے لئے خطرناک بتایا تھا۔شمالی کوریا کو اسے فوری طور پر بند کرنے اور سلامتی کونسل کی تجویز پر غیر مشروط عمل کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔شمالی کوریا کے ساتھ قریبی تعلق رکھنے والے چین نے بھی اس ٹیسٹ کی مخالفت کی تھی اور اس سے اپیل کی ہے کہ وہ کوئی ایسی کارروائی نہ کرے جس سے صورت حال مزید بگڑ جائے۔