سلامتی کونسل میں یوکرین کے تنازعہ پر تشویش کا اظہار

اقوام متحدہ ۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مشرقی یوکرین میں خطرناک صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تشدد پر روک لگانے کی اپیل کی ہے ۔  سلامتی کونسل نے بیان جاری کر کے کہاکہ ’’سلامتی کونسل کے اراکین یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ یوکرین میں فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہیے ‘‘۔  روس اور یوکرین نے سلامتی کونسل کے بیان پر اتفاق کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ تشدد سے مقامی شہریوں کی زندگی پر انتہائی بُرا اثر پڑ رہا ہے ۔ اس سے پہلے یوکرین اور روس نے حالیہ دنوں میں یوکرین کے مشرقی علاقے میں تشدد اور اس کی وجہ سے بجلی پانی سپلائی میں خلل پیدا ہو نے کے لئے ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔قابل ذکر ہے کہ یوکرین کے انڈسٹریل علاقے میں اتوار کو روس کی حمایت یافتہ باغیوں کے حملے میں آٹھ فوجی ہلاک ہوگئے تھے اور26 فوجی زخمی ہو گئے تھے ۔