سلامتی کونسل میں دہشت گردی کے خلاف ملکوں کو پابند کرنے قرار داد

واشنگٹن 22 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں امکان ہے کہ جاریہ ہفتے ایک ایسی قرار داد منظور کی جائیگی جس پر عمل کرنا تمام ممالک کیلئے ضروری ہوگا ۔ اس قرار داد کے ذریعہ تمام ممالک سے کہا جائیگا کہ وہ اپنے شہریوں کو دہشت گرد تنظیموں میں شمولیت اختیار کرنے بیرون ملک کا سفر کرنے سے روکیں۔ سمجھا جارہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی برادری کو سرگرم کرنے صدر بارک اوباما کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر ایسا کیا جا رہا ہے ۔ یہ تجویز اوباما انتظامیہ کے عہدیداروں نے پیش کی ہے اور ان کا ادعا ہے کہ اس پر کئی مہینوں سے غور کیا جارہا تھا ۔ ان کا کہنا ہے کہ داعش کے خلاف امریکہ کی حکمت علی کا یہ ایک اہم حصہ ہے ۔ اس کے علاوہ اس قرار داد کے ذریعہ دوسری تنظیموں پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے ۔ عہدیداروں کا تاہم کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں اگر قرار داد منظور کرلی بھی گئی تو اس پر عمل آوری کو یقینی بنانے کا کوئی میکانزم موجود نہیں ہے اور نہ ہی بین الاقوامی برادری کے پاس کسی کو دہشت گرد گروپ قرار دینے کا کوئی پیمانہ بھی نہیں ہے ۔ اوباما انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ کوشش تاہم ایک اجتماعی نوعیت کے خطرہ سے تمام اقوام کو باخبر کرنے اور انہیں متحد کرنے کی کوشش ہے ۔ واضح رہے کہ امریکی خفیہ ایجنسیاں ان افراد کا پتہچ لانے کی کوشش کر رہی ہیں جو شام کا سفر کرتے ہوئے تخریب کاروں سے جا مل رہے ہیں۔