سفید راشن کارڈس کی منسوخی کیخلاف حکومت کو تلگودیشم کا انتباہ

چیف راشننگ آفس پر تلگودیشم کا دھرنا، صدر گریٹر حیدرآباد تلگودیشم کا خطاب
حیدرآباد 2 نومبر (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی گریٹر حیدرآباد سٹی نے راشن کارڈس میں کمی کرنے حکومت کی کوششوں کی مخالفت کرتے ہوئے کل چیف راشننگ آفس سکندرآباد کے روبرو صدر گریٹر حیدرآباد سٹی تلگودیشم پارٹی مسٹر سی کرشنا یادو کی قیادت میں بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کیا گیا۔ اس احتجاجی دھرنا پروگرام میں تلگودیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر سی کرشنا یادو نے تلنگانہ حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ تلنگانہ ریاست میں ٹی آر ایس کی زیرقیادت حکومت تشکیل پائے 5 ماہ کا عرصہ ہوگیا لیکن آج تک بھی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی مثبت اقدام نہیں کیا بلکہ مخالف عوام اقدامات کے طور پر سفید راشن کارڈس کی منسوخی کے اقدامات کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کے یہ اقدامات عوام کیلئے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہورہے ہیں جس کے نتیجہ میں عوام حکومت کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ جبکہ حکومت فوڈ سکیوریٹی فراہم کرنے کے نام پر بڑے پیمانے پر اپنی تشہیر میں مصروف ہے۔ صدر گریٹر حیدرآباد سٹی تلگودیشم پارٹی نے چندرشیکھر راؤ کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہاکہ کے سی آر نے تلنگانہ ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کی صرف باتیں کررہے ہیں اور غریب و متوسط طبقات کے پاس موجود سفید راشن کارڈس کو منسوخ کرکے انھیں نئے مسائل سے دوچار کرنے کے علاوہ دیپم اسکیم کے نام پر کیروسین کی تقسیم کو روک کر عوام کی زندگیوں کو بحران سے دوچار کرکے مخالف عوام اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ اُنھوں نے تمام اہل افراد کو فی الفور راشن کارڈس جاری کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا۔ بعدازاں تلگودیشم پارٹی کے ایک وفد نے مسٹر کرشنا یادو کی قیادت میں چیف ارشننگ آفیسر سے ملاقات کرکے تفصیلی یادداشت پیش کی۔ اس دوران راشن کارڈس کی اجرائی کے مطالبہ پر احتجاجی مظاہرے کرنے اور نعرہ بازی کرنے والے تلگودیشم پارٹی قائدین اور کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور انھیں گاندھی نگر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ تلگودیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کی گرفتاری عمل میں آنے کی اطلاع کے ساتھ ہی تلنگانہ ٹی ڈی پی قائدین مسرس ایل رمنا، ای دیاکر راؤ، ایم اروند کمار گوڑ، نرسی ریڈی و دیگر نے پولیس اسٹیشن پہونچ کر گرفتار پارٹی قائدین کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کے روبرو دھرنا منظم کیا۔ چیف راشننگ آفس کے روبرو دھرنا دینے والے گریٹر حیدرآباد سٹی تلگودیشم کے قائدین میں مسرس جی سائنا رکن اسمبلی، ایم این سرینواس جنرل سکریٹری، وینکٹیش گوڑ، کوٹیشور راؤ، بی سائی بابو، سنگی ریڈی سرینواس ریڈی، سی سرینواس، محمد اسلم، راجندر یادو، سریتا گووند، ایس کشور کمار، بی ستیش، آنند کمار گوڑ، وی رمیش و دیگر قائدین شامل تھے۔