حیدرآباد۔/30مئی، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر سیول سپلائیز ایٹالہ راجندر نے کہا کہ سفید راشن کارڈس کی اجرائی ہر سال عمل ہونے والی روایتی اسکیم ہے۔ 2 لاکھ درخواستیں زیر التواء ہیں جانچ کرنے کے بعد اہل افراد میں نئے راشن کارڈس تقسیم کئے جائیں گے۔ جاریہ سیزن 35 لاکھ ٹن غذائی اجناس جمع کرنے کا نشانہ مختص کیا گیا تھا جس میں 33 لاکھ جمع کرلیا گیا ہے۔ آج سکریٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے کہا کہ راشن شاپس سے تقسیم ہونے والے چاول کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف پی ڈی ایکٹ لگانے کا سخت انتباہ دیا۔ وزیر سیول سپلائیز نے کہا کہ چاول کھانے کیلئے دیا جارہا ہے فروخت نہ کرنے عوام سے اپیل کی۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی سے تلنگانہ کی ترقی ممکن ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ زرعی شعبہ کو ترقی دینے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں۔ پانی کے ہر قطرہ کو استعمال کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ غیر موسمی بارش سے جو دھان وغیرہ بھیگ گئے ہیں اس کو بھی خریدا جارہا ہے۔ محکمہ سیول سپلائیز کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ نقصانات کو گھٹادیا گیا ہے۔ گزشتہ 4 سال سے محکمہ میں اصلاحات لاتے ہوئے جوابدہ بنادیا گیا ہے۔ غیرقانونی طور پر منتقل ہونے والے چاول پر قابو پالیا گیا ہے۔ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے والوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ لگایا جارہا ہے۔ مرکزی حکومت نے 1.91 کروڑ عوام کو سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے کی نشاندہی کی ہے تاہم تلنگانہ حکومت نے 2.74 کروڑ عوام کو چاول تقسیم کررہی ہے۔ اگر چاول نہیں لینا ہو تو نہ لیں عوام کے کارڈس کو محفوظ رکھنے کیلئے حکومت اقدامات کرے گی۔ راشن ڈیلرس کے مسائل کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکمل علم ہے۔ کمشنر سیول سپلائیز راشن ڈیلرس سے مذاکرات کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کریں گے۔