نئی دہلی 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا حج سیوا سمیتی نے مرکزی حکومت سے ہندستانی عازمین کے سفر حج کے لئے گلوبل ٹنڈر کرانے کا مطالبہ دہرایا ہے ۔ سمیتی کے صدر اور مرکزی حج کمیٹی کے سابق رکن حافظ نوشاد احمد اعظمی نے ایئر انڈیا پر حاجیوں کے ساتھ اچھا سلوک نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کرائے میں اس سال بھی اضافے کا اندیشہ ہے ۔ اس طرح 13 فیصد جی ایس ٹی کم کرنے کے باوجود اس کا فائدہ حاجیوں کو ملتا نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ حج سبسڈی ختم کر دیئے جانے کے بعد اب کوئی جواز نہیں کہ سفر حج کی ذمہ داری ایئر انڈیا پر ہی ڈالی جائے ۔ گلوبل ٹنڈر واحد راستہ ہے جس سے ہندستانی عازمین کم سے کم کرائے پر سفر حج کر سکتے ہیں۔ مسٹر اعظمی نے اس رخ پر حکومت کی مبینہ عدم سنجیدگی کو افسوسناک بتاتے ہوئے کہا کہ 2002 کے حج ایکٹ میں صاف طور پر لکھا ہے کہ وزارت شہری ہوا بازی ہندستانی حاجیوں کیلئے بہتر انتظام کرے تو کرایا کم ہو سکتا ہے اور یہ وزارت کی ذمہ داری ہے ۔ اس لحاظ سے بھی سبسڈی ختم ہونے پر ایئر انڈیا پر ہی انحصار کی کوئی وجہ باقی نہیں رہ گئی۔ انہوں نے یہ یاد دلاتے ہوئے سفر حج اعلیٰ درجے کا سفر ہے جو قیامت تک جاری رہے گا حکومت پر زور دیا کہ وہ اسے سیاست سے دور رکھتے ہوئے گلوبل ٹنڈر کے ذریعہ حاجیوں کے ساتھ کرائے کے محاذ پر حسن سلوک کا مظاہرہ کرے ۔ سمیتی عازمین حج کے مفادات کے تیئں سنجیدہ کوشش اور تعاون کاہمیشہ پابند رہے گی۔
جسکے ذریعے آج تک لاکھوں طلبہ استفادہ حاصل کر چکے ہیں۔