سفارتی استثنی کے تحت دیویانی کھوبر گاڑے وطن واپس

جوابی کارروائی کے طور پر ایک امریکی سفارتکار کو ہندوستان چھوڑ دینے کی ہدایت
نئی دہلی 10 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں ویزا قواعد کی خلاف ورزی اور اپنی ملازمہ کو کم تنخواہ ادا کرنے کے الزامات کا سامنا کر رہی ہندوستانی سفارتکار دیویانی کھوبر گاڑے آج ہندوستان واپس آگئیں۔ ہندوستان نے ایک جوابی کارروائی کرتے ہوئے تاہم ایک امریکی سفارتکار کو ‘ جو دیویانی کے درجہ ہی سے تعلق رکھتے ہیں ‘ ملک سے خارج کردیا ہے

اور انہیں ہندوستان چھوڑنے کیلئے 48 گھنٹوں کی مہلت دی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ ہندوستان یہ مانتا ہے کہ امریکی سفارتخانہ کے جس سفارتکار کو ہندوستان چھوڑ دینے کی ہدایت دی گئی ہے وہ دیویانی کھوبر گاڑے سے متعلق معاملہ میں کوئی نہ کوئی رول ہے ۔ نیویارک میں ہندوستانی سفارتکار دیویانی کھوبر گاڑے کو ویزا قواعد کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے سر عام گرفتار کیا گیا تھا ۔ہندوستان واپسی پر ان کی اپنے افراد خاندان کے ساتھ جذباتی ملاقات رہی ۔

یونائیٹیڈ ائر لائینز کی پرواز نے رات 9.40 بجے دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر لینڈنگ کی اور دیویانی کھوبر گاڑے 10.40 بجے ٹرمنل سے باہر آئیں۔ ان کے والد اتم کھوبر گاڑے نے یہ بات بتائی ۔ دیویانی کے والد نے بتایا کہ ان کی دختر ڈپریشن کا شکار نہیں ہیں بلکہ وہ بہتر ہے ۔ اتم کھوبر گاڑے نے وزارت خارجہ کے عہدیداروں کے ساتھ اپنی دختر کا ائرپورٹ پر استقبال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان کی دختر کی مشکل کے وقت میں مدد کرنے والے ہر شخص سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ امریکہ مین ہاٹن میں ایک وفاقی گرانڈ جیوری نے کہا تھا کہ سابق ہندوستانی ڈپٹی قونصل جنرل کے خلاف الزامات برقرار رہیں گے اور اگر وہ کسی سفارتی استثنی کے بغیر امریکہ واپس ہوتی ہیں تو انہیں مقدمہ کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے ۔ امریکی اٹارنی پریٹ بھرارا نے ضلع جج شیرا شینڈلن کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ دو بچوں کی ماں دیویانی کھوبر گاڑے اور کی گرفتاری اور نیویارک میں ان کی جامہ تلاشی کی وجہ سے ہندوستان میں شدید برہمی کی لہر پیدا ہوگئی تھی ۔

کھوبر گاڑے 1999 بیاچ کی آئی ایف ایس عہدیدار ہیں اور انہیں 12 ڈسمبر کو اپنی ملازمہ کی ویزا درخواست میں فرضی ادعا جات درج کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا ۔ انہیں بعد میں ڈھائی لاکھ ڈالر کی ضمانت پر رہا کیا گیا ۔ دیویانی کی امریکہ میں جامہ تلاشی بھی لی گئی تھی اور انہیں مجرموں کے ساتھ حراست میں رکھا گیاتھا ۔ اس کارروائی کی وجہ سے ہندوستان اور امریکہ کے مابین ایک تنازعہ پیدا ہوگیا تھا اور ہندوستان نے امریکی سفارتخانہ کے کچھ سفارتکاروں کے مرتبہ اور رتبہ میں کمی کردی تھی ۔ اس کے علاوہ ہندوستان نے آج ایک امریکی سفارتکار کو 48 گھنٹوں کے اندر ہندوستان چھوڑدینے کی ہدایت بھی دی ہے ۔ اطلاعات کے بموجب دیویانی کو G1 ویزا دیا گیا ہے اور وہ اپنے بچوں کو امریکہ میں چھوڑ کر واپس آگئی ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کی حکومت سے اظہار تشکر کیا ہے کہ اس نے مشکل وقت میں ان کی مدد کی ہے ۔