سعودی ویزوں میں تبدیلی ، مسافروں کیلئے گراں بار

پہلے حج پر ویزا فیس سے استثنیٰ ، دیگر حج پر فیس کا لزوم
حیدرآباد۔ 22ستمبر(سیاست نیوز) سعودی عرب ویزا فیس میں آئی تبدیلیاں سعودی عرب کا سفر کرنے کے خوہشمندوں کے لئے گراں ثابت ہوں گی۔ 2اکٹوبر سے قابل عمل بنائی جانے والی اس نئی ویزا پالیسی و فیس کے مطابق پہلی مرتبہ حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کیلئے کوئی ویزا فیس نہیں ہوگی جبکہ پہلی مرتبہ کے بعد جب کبھی حج بیت اللہ کی ادائیگی کیلئے ویزا حاصل کرنے والوں کیلئے 2000سعودی ریال فیس ہوگی۔ اسی طرح معتمرین کیلئے بھی پہلی مرتبہ مفت ویزا جاری کیا جائے گا جبکہ اس کے بعد عمرے کی ادائیگی کے خواہشمندوں کو عمرہ ویزا کیلئے 2000سعودی ریال بطور ویزا فیس ادا کرنے ہوں گے۔ 6ماہ کی مدت پر محیط متعدد مرتبہ داخلہ کیلئے ویزٹ ویزا فیس 3000سعودی ریال ہوگی جبکہ ایک سال مدت کے ویزا کیلئے 5000سعدی ریال فیس وصول کی جائے گی۔ 2سالہ مدت کے ویزٹ ویزا کیلئے 8000سعودی ریال فیس وصول کی جائے گی۔ سعودی حکومت کی جانب سے ترتیب دی گئی نئی ویزا فیس کا اطلاق یکم محرم الحرام سے ہوگا مسافرین اگر سعودی عرب کا ٹرانزٹ ویزا حاصل کرنا چاہتے ہیں تو انہیں 300سعودی ریال فیس ادا کرنی ہوگی۔ علاوہ ازیں سعودی ائیر پورٹ سے روانہ ہونے والوں کو 50سعودی ریال ادا کرنے ہوں گے۔ ایک مرتبہ سعودی عرب میں داخلہ کیلئے اقامہ رکھنے والوں کو 200سعودی ریال ادا کرتے ہوئے ویزا حاصل کرنا ہوگا جس کی مدت دو ماہ ہوگی اسی طرح اس میں ایک ماہ کی توسیع کی گنجائش اقامہ پیش کرنے کی صورت میں موجود ہے جس کیلئے اضافی 100سعودی ریال ادا کرنے ہوں گے۔ متعدد مرتبہ آمد و رفت کیلئے 3ماہ کی مدت کے وزا کیلئے 500سعودی ریال فیس مقرر کی گئی ہے اور اقامہ کی مدت برقرار رہنے کی صورت میں اس میں بھی ایک ماہ کی توسیع کی گنجائش موجود ہے لیکن اس کیلئے 200سعودی ریال ادا کرنے ہوں گے۔سعودی عرب کی نئی ویزا فیس پالیسی کے اطلاق سے سعودی عرب کی معیشت مستحکم ہوگی اور اس میں مزید اصلاحات لائے جانے کا بھی امکان ہے۔ حکومت سعودی عرب کے امور خارجہ کی جانب سے اس سلسلہ میں تمام سفارتخانوں اور قونصل خانوں کو احکام روانہ کردیئے گئے ہیں کہ ان نئی ویزا فیس کی پالیسی پر یکم محرم الحرام یعنی 2اکٹوبر سے عمل آوری یقینی بنائی جائے۔