پیرس ۔ 2 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز دوشنبہ کو فرانس کے سرکاری دورے پر دارالحکومت پیرس پہنچے ہیں۔ سرکاری نیوز ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ سلمان صدر فرانسو اولاند کی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ فرانسیسی صدر سے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ عراق اور شام میں برسرپیکار جنگجو گروپ داعش کی کارروائیوں سے پیدا صورتحال اور اس سے مشرق وسطیٰ کی سکیورٹی کو لاحق خطرات پر تبادلہ خیال کریں گے۔