بغداد۔25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر سرکاری دورے پر عراق کے دارالحکومت بغداد پہنچ گئے ہیں۔کرد جمہوری جماعت ( کے ڈی پی) سے وابستہ ایک ٹیلی ویڑن چینل کردستان 24 نے اپنی ویب سائٹ پر ان کی بغداد آمد کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ عادل الجبیر 2003ء کے بعد عراق کا یہ پہلا دورہ کررہے ہیں۔ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ عراقی عہدہ داروں کے ساتھ داعش مخالف جنگ ،خطے پر ایرانی اثر ورسوخ اور عراق میں شیعہ ملیشیاؤں پر مشتمل الحشد الشعبی کے کردار سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کرنے والے تھے۔سعودی عرب کے کسی اعلیٰ عہدہ دار کا1990ء کے بعد عراق کا یہ پہلا دورہ ہے۔