سعودی نائب ولیعہد کا آئندہ ہفتہ دورہ فرانس

ریاض ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان آئندہ ہفتے فرانس کے سرکاری دورے پر پیرس جائیں گے جہاں وہ فرانسیسی قیادت سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور اور علاقائی تنازعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ الریاض میں فرانسیسی سفارت خانے نے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ شہزادہ محمد آئندہ پیر کو پیرس میں صدر فرانسو اولاند سے بات چیت کریں گے۔منگل کو وہ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں مارک آیرو کے ساتھ سعودی فرانس مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کی میزبانی کریں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان جون کے وسط سے امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انھوں نے امریکی صدر براک اوباما ،وزیر دفاع آشٹن کارٹر ،وزیر خارجہ جان کیری اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ ،یمن اور شام میں جاری بحرانوں سمیت مشرق وسطیٰ کے خطے کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔انھوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے بھی ملاقات کی ہے۔ واضح رہے کہ صدر فرانسو اولاند کے دور حکومت میں سعودی عرب اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ حاصل ہوا ہے اور سعودی عرب خطے میں اپنے روایتی حریف ایران کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے دیرینہ حلیف ملک امریکہ کے بجائے اب دوسری بڑی طاقتوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور ان کے ساتھ نئے اتحاد بنا رہا ہے۔

 

شاہ سلمان کا اسلامی تاریخ کی پہلی مسجد کا دورہ
مکہ مکرمہ ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے فرمانروا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے دورہ مکہ مکرمہ کے دوران اسلامی تاریخ کی پہلی مسجد (مسجد قبا) کا دورہ کیا اور وہاں دو رکعت تحیتہ المسجد ادا کی۔ مسجد قباء کے امام وخطیب الشیخ ڈاکٹر صالح المغاسی اور دیگر حکام نے شاہ سلمان کا استقبال کیا۔