سعودی مملکتی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا آج دورہ ہند

نئی دہلی ۔ /10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزارت خارجی امور کے ترجمان رویش کمار کے مطابق سعودی عرب کے مملکتی وزیر خارجہ عادل الجبیر کل بروز پیر ہندوستان کے دورہ پر پہونچ رہے ہیں ۔ وہ اپنے ساڑھے چار گھنٹے کے اس دو رہ میں وزیر خارجہ سشما سواراج سے ملاقات کریں گے ۔ سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ ہندوستان کے بعد ان کا یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے ۔ وہ ولی عہد کے دورے کے دوران ہندوستانی قائدین سے ہوئی بات چیت میں پیشرفت کرنے کے لئے دورہ کررہے ہیں ۔ عادل الجبیر نے گزشتہ جمعرات کو پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خاں اور وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی ۔ پاکستان کے لئے انہوں ولی عہد محمد بن سلمان کا ایک خصوصی پیام بھی حوالے کیا تھا ۔ عادل الجبیر کل شام 5 بجے نئی دہلی پہونچیں گے اور 5 بجکر 45 منٹ پر لوک کلیان مارگ پر وزیراعظم مودی سے ملاقات کریں گے ۔ اس کے بعد 6 بجکر 30 منٹ کو وزیر خارجہ سشما سوراج سے جواہر لال نہرو بھون میں ملاقات کریں گے ۔