سعودی فورسیس نے حوثی باغیوں کا میزائیل ناکام بنادیا

جدہ 4 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی دفاعی فورسیس نے آج ریاض کو نشانہ بنا کر داغے گئے ایک بیالسٹک میزائیل کو فضا میں تلف کردیا ۔ یہ میزائیل یمن میں حوثی باغیوں کے کنٹرول والے علاقہ سے داغا گیا تھا اور اسے کسی نقصان کے بغیر تباہ کردیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ یہ میزائیل ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ائرپورٹ میں آ گرا تھا تاہم جنرل اتھاریٹی آف شہری ہوابازی نے کہا کہ ائرپورٹ میں تمام تنصیبات اور ہسولیات محفوظ ہیں کیونکہ سعودی ائر ڈیفنس نے اس میزائیل کو روک دیا تھا ۔ فائر انجنوں اور دیگر امدادی کاموں میں حصہ لینے والی گاڑیوں کو شاہ خالد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے رن وے R33 کی سمت روانہ کیا گیا تھا ۔ شہری ہوابازی حکام کا کہنا ہے کہ یہ میزائیل ائرپورٹ کے اندر آگرا لیکن اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا اور تمام پروازیں معمول کے مطابق رہی ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ کچھ تیز دھارے اشیا ائرپورٹ کے شمالی خارجی دروازہ کی سمت آئی تھیں۔ حوثی باغیوں نے اس میزائیل کو داغنے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ سعودی فورسیس اب تک اس طرح کے کئی حملوں کو ناکام بناچکی ہیں۔