جزان۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) یمن اور سعودی عرب کی سرحد پر سعودی فوج کے زیر استعمال پانچ اپاچی ہیلی کاپٹروں نے حوثی باغیوں اور علی عبداللہ صالح کے حامیوں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کرتے ہوئے پانچ فوجی گاڑیاں اور جزان کے قریب ممنوعہ علاقے میں باغیوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے ہیں۔دوسری جانب عرب اتحادی فوج کے لڑاکا طیاروں نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی افواج پر حملوں کے لئے تیار کئے جانے والے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ اتحادی طیاروں کی اس کارروائی میں طیارہ شکن میزائل داغنے والے متعدد لانچنگ پیڈز تباہ کئے گئے۔ حوثی اور صالح ملیشیا نے چھوٹی چھوٹی جمیعتوںکی شکل میں سعودی عرب کی سرحد میں دراندازی کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ سعودی عرب کی فوج کو اتحادیوں کی اس کارروائی کے نتیجے میں باغیوں کی نقل و حرکت سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئیں، جس سے استفادہ کرتے ہوئے باغیوں پر شدید گولہ باری کی گئی۔