ہندوستان اور پاکستان بھی این ایس اے پروگرام کا نشانہ ۔چینی فوج اصل توجہ کا مرکز
جدہ 16 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی قومی سلامتی ایجنسی ( این ایس اے ) نے دنیا بھر میں تقریبا 100,000 کمپیوٹرس میں ایسا سافٹ ویر نصب کروایا ہے جس کی مدد سے اسے ان کمپیوٹرس کی نگرانی کرنے اور کسی طرح کے سائبر حملہ کی راہ ہموار کرنے میں مدد مل سکتی ہے ، نیویارک ٹائمز نے یہ اطلاع دی ہے ۔ سعودی عرب ان ممالک میں شامل ہے جہاں نگران کار یا جاسوسی سافٹ ویر خفیہ طور پر کمپیوٹرس میں نصب کیا گیا ہے ۔
ٹائمز نے این ایس اے کے دستاویزات، کمپیوٹر ماہرین اور امریکی عہدیداروں کے حوالے سے یہ ادعا کیا ہے ۔ ٹائمز نے اطلاع دی ہے کہ کم از کم 2008 ء سے ایجنسی یہ ٹکنالوجی استعمال کر رہی ہے جو ریڈیو کی لہروں پر انحصار کرتی ہے جس کو سرکٹ بورڈز اور یو ایس بی کارڈز کے ذریعہ خفیہ طور پر کمپیوٹرس میں داخل کیا جاسکتا ہے ۔ این ایس اے اس اقدام کو سرگرم دفاع قرار دیتا ہے اور اس نے یہ ٹکنالوجی چینی فوج ‘ روسی فوج ‘ ڈرگ مافیا ‘ یوروپی یونین کے تجارتی اداروں اور دہشت گردی کے خلاف امریکی حلیفوں جیسے سعودی عرب ‘ ہندوستان اور پاکستان کے خلاف بھی استعمال کی ہے۔
کہا گیا ہے کہ این ایس اے کے اس پروگرام کو Quantum کا نام دیا گیا ہے اور اس کی اصل توجہ چین کی فوج رہی ہے ۔ این ایس اے کی ایک ترجمان وانی وائنس نے ایک بیان میں کہا کہ این ایس اے کی سرگرمیاں صرف کارکرد بیرونی انٹلی جنس کے خلاف ہوتی ہیں اور اسے انٹلی جنس ضروریات تک ہی محدود رکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیرونی انٹلی جنس صلاحیتوں کو بیرونی کمپنیوں کے تجارتی راز حاصل کرنے استعمال نہیں کرتے یا ہم امریکی کمپنیوں کیلئے کوئی انٹلی جنس اطلاع حاصل یا فراہم بھی نہیں کرتے تاکہ وہ اپنی بین الاقوامی مسابقت کو بڑھا سکیں۔