سعودی عرب کے ولی عہد کی پاکستانی قائدین سے ملاقات

اسلام آباد ، 17 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ان کے وفد نے پاکستانی قائدین سے ملاقاتیں کیں جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ سعودی ولی عہد کے پاس مملکت کی وزارت دفاع کا قلمدان بھی ہے۔ انہوں نے اتوار کو اپنے پاکستانی ہم منصب خواجہ آصف سے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی۔ پاکستانی وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کے تناظر میں شہزادہ سلمان کا یہ دورہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ ملاقات میں دفاعی پیداوار میں تعاون پر بات چیت کے علاوہ دونوں ملکوں میں تربیت کیلئے فوجی تبادلوں پر بھی اتفاق ہوا۔ بعدازاں سعودی مہمان سے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے بھی ملاقات کی،

جس میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون تیز کرنے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔ سعودی عرب کے معزز مہمان نے اتوار کو ہی وزیر اعظم محمد نواز شریف کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر نزار بن عبید مدنی اور وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی عہدیدار نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف سعودی عرب سے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔