دبئی کی بین الاقوامی قرآن ایوارڈ کمیٹی کی جانب سے اعزاز
دبئی ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : دبئی کے بین الاقوامی قرآن ایوارڈ نے سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ان کی اسلامی خدمات کے اعتراف کے طور پر اس سال کی اسلامی شخصیت قرار دیا ہے ۔ دبئی کے بین الاقوامی قرآن ایوارڈ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم بوملحہ نے قرآن مجید کے ایکسویں سالانہ مقابلے کے آغاز سے قبل شاہ سلمان کے لیے ایوارڈ کا اعلان کیا ۔ شاہ سلمان کو ان کی اسلام ، مسلمانوں اور حرمین شریفین کے لیے خدمات کے اعتراف کے طور پر اس شاندار اعزاز سے نوازا جارہا ہے ۔ شاہ سلمان عالم عرب و عالم اسلام کی ایک عظیم رجحان ساز شخصیت ہیں ۔ ان کی امتیازی خدمات ، شاندار اقدار اور باوقار موقف پر بجا طور پر فخر کرتے ہوئے ان کے اعزاز میں یہ فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے بے شمار خیراتی اور انسانی بہبود کے کام بھی انجام دئیے ہیں ۔واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی قیادت میں سعودی عرب عالمی سطح پر مستحکم و مضبوط سمجھا جاتا ہے۔