سعودی عرب کی پی آئی اے پرواز میں کھڑے ہوئے مسافر

اسلام آباد ۔ 26فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) پی آئی اے نے 7مسافروں کو سعودی عرب کی پرواز کے دوران صیانتی قواعد کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے سعودی عرب تک کھڑے رہ کر سفر کرنے کی گذشتہ ماہ اجازت دی تھی ۔ذرائع ابلاغ کی خبروں کے بموجب اس واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ پی آئی اے کی پرواز 743( کراچی تا مدینہ ) کی بوائنگ 777پرواز میں 7مسافروں نے کھڑے ہوکر سعودی عرب تک سفر کیا تھا ۔ یہ واقعہ 20جنوری کو پیش آیا تھا جب کہ پرواز کی مدت تقریباً تین گھنٹے ہے ۔ روزنامہ ’’ڈان ‘‘ کے بموجب ایسا معلوم ہوتاہ ے کہ پی آئی اے کے انتظامیہ نے ذمہ دارافراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتے ہوئے اس واقعہ کو معمولی سمجھا ہے ۔ پی آئی اے ترجمان دانیال جیلانی نے بی بی سی سے کہاکہ اس معاملہ کی داخلی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور خاطیوں کے تعین کے بعد ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔