سعودی عرب کی صیانت یقینی بنانے حکومت پاکستان سے حافظ سعید کا مطالبہ

لاہور ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ممنوعہ جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہیکہ مسلم ممالک کی ایک مشترکہ فوج قائم کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ سعودی عرب کی صیانت کو یقینی بنایا جاسکے جس نے یمن باغیوں پر حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ دہشت گرد تنظیم قرار دیئے جانے کے باوجود جماعت الدعوہ کے 65 سالہ سربراہ مفتی محمد سعید پاکستان میں آزادانہ طور پر نقل حرکت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا آزمودہ دوست ہے اور پاکستان کو جب بھی ضرورت ہو بھرپور تائید فراہم کرتا رہا ہے۔ پاکستانی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جانا چاہئے تاکہ پوری دنیا کو یہ پیغام پہنچے کہ دونوں ممالک یکجہت اور متحد ہیں۔ پاکستان نے سعودی عرب کی اپیل پر ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔