نئی دہلی ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ سشماسوراج نے آج کہا کہ ایک 55 سالہ ہندوستانی خاتون جن کو سعودی عرب میں ہراسانی کا شکار بنایا گیا تھا کل یہاں واپس پہنچے گی۔ سشماسوراج نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’اس واقعہ کو میرے علم میں لانے کا شکریہ۔ سکھونت کور 31 مئی 2017ء کو صبح 0415 بجے فلائٹ نمبر G9406 سے وطن واپس پہنچ رہی ہے‘‘۔ سشماسوراج نے یہ کارروائی اس وقت کی جب ان کی توجہ اس خبر پر مرکوز کروائی گئی کہ سکھونت کور کے شوہر کلونت سنگھ نے الزام عائد کیا تھا کہ وہ (سکھونت کور) تین ماہ کے تفریحی ویزا پر سعودی عرب گئی تھی لیکن وہاں اس کو فروخت کردیا گیا اور ہراسانی کا شکار بنایا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطاقب سکھونت کور جالندھر سے تعلق رکھتی ہے اور دہلی کے ایک ایجنٹ کے توسط سے سعودی عرب لے جائی گئی تھی۔ کلونت نے کہا کہ ان کی بیوی دبئی پہنچنے کے ایک ہفتہ بعد اس سے فون پر بات کی تھی لیکن چند دن بعد اس کا فون بند بتایا جارہا تھا اور ایجنٹ بھی اس (کلونت) کے کال وصول نہیں کررہا تھا۔ کلونت نے کہا کہ ’’7 مئی کو میری بیوی نے سعودی عرب کے شہر جیل کے ایک دواخانہ سے اس کو فون کال کیا تھا اور بتائی تھی کہ ٹراویل ایجنٹ نے اس کو ایک مقامی (سعودی) شخص کے ہاتھوں فروخت کردیا ہے جو اس کو اپنے گھر میں غلاموں کی طرح کام کرنے کیلئے مجبور کررہا ہے اس کے ساتھ برا سلوک روا رکھا گیا اور ہراسانی کی گئی تھی‘‘۔