اسلام آباد ۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹی وی اینکر زید حامد کو سعودی کی ایک عدالت نے سعودی حکومت پر تنقید کرنے کی پاداش میں 8 سال کی سزائے قید اور 100 کوڑے مارے جانے کا فیصلہ سنایا ہے۔ غیر مصدقہ اطلاعات سے آج یہ بات بتائی گئی۔ حامد کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنی بیوی کے ساتھ مملکت کے خانگی دورہ پر تھا۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس نے سعودی حکومت کے خلاف دو ہفتہ قبل ایک تقریب میں تنقیدیں کیں اور عربوں کا مضحکہ اُڑایا تھا۔ اسلام آباد میں ایک پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے بھی دو ہفتہ قبل حامد کی گرفتاری کی توثیق کی اور یہ بھی بتایا کہ سفارت خانہ مقامی عہدیداروں کے ساتھ سفارتی سطح پر رسائی کے لئے کوشاں ہے۔ اُنھوں نے یہ بھی بتایا کہ حامد کی بیوی کو 30 جون کو اُس سے جیل میں ملاقات کی اجازت دی گئی تھی جس کے انتظامات سفارت خانے کی کامیاب مساعی کے بعد کئے گئے تھے۔ یاد رہے کہ اپنے ٹی وی پروگرامس کے ذریعہ یہ ادعا کیا تھا کہ ہندوستان کی راء ، اسرائیل کی موساد اور امریکہ کی سی آئی اے نے ساز باز کرتے ہوئے پاکستان کے استحکام کو متزلزل کیا۔ اس نے یہ الزام بھی عائد کیاکہ ممبئی حملوں میں ہندو صیہونی طاقتیں ملوث ہیں اور اُنھوں ہی حملے کی سازش رچی تھی۔