ریاض ۔ /3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں آج ایک بھیانک بس حادثہ پیش آیا جس میں 13 عازمین عمرہ جاں بحق ہوئے اور دیگر 35 زخمی بتائے گئے ہیں ۔یہ حادثہ سعودی عرب کے شہر وںریاض اور طائف کے درمیان ملنے والی سڑک پر پیش آیا ۔ اس بس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 49 عازمین عمرہ سوار تھے ۔ انہیں عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ معظمہ لے جایا جارہا تھا ۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں 6 مصری شامل ہیں ۔ حادثہ کے مقام پر دلخراش منظر پیش کررہا تھا ۔ خون میں لت پت نعشیں دیکھی گئیں ۔ سعودی حکام نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ بس کا یہ حادثہ ٹائر پھٹنے سے پیش آیا ہے ۔ زخمیوں کو دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے ۔ دو روز قبل بھی اسی راستہ پر حادثہ پیش آیا تھا جس میں 2 بنگلہ دیشی ورکرس ہلاک ہوئے تھے اور دیگر 5 زخمی ہوئے تھے ۔ ریاض سے طائف جانے والی سڑک پر یہ حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب لاری ایک بس سے ٹکرا گئی تھی ۔