سعودی عرب میں ایک حیدرآبادی حاجی کی رہائی

قاضی کا فیصلہ ، ہندوستانی قونصل کی اعانت ، تلنگانہ حج کمیٹی کو راحت

حیدرآباد۔ 2 اکتوبر (سیاست نیوز) حج کمیٹی کو آج اُس وقت راحت ملی جب حیدرآباد کے ایک حاجی کو سعودی عرب کی عدالت نے بے قصور تسلیم کرتے ہوئے رہا کردیا۔ شہر کے 18 سالہ حاجی کو سعودی پولیس نے طواف کے دوران رقم اٹھانے پر حراست میں لے لیا تھا۔ چار دن کی حراست کے بعد حج کمیٹی کو اس واقعہ کی اطلاع ملی اور جدہ میں ہندوستانی قونصل خانہ کی مدد سے رہائی کی کارروائی شروع کی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نوجوان کو آج قاضی کے روبرو پیش کیا گیا جہاں تفصیلات کی سماعت کے بعد رہائی کا حکم دیا گیا۔ اس نوجوان کو کل مدینہ منورہ بھیجا جائے گا اور مقررہ پروگرام کے مطابق 7 اکتوبر کو حیدرآباد واپسی ہوگی۔