سعودی عرب میںسڑک حادثہ ، پانچ ہندوستانی ہلاک

ریاض ۔ 21 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب میں پانچ ہندوستانی ورکرس اُس وقت ہلاک ہوگئے جب ایک ویان جس میں وہ سفر کررہے تھے شاہراہ پر ٹائر پھٹ پڑنے کے سبب اُلٹ گئی ۔ طائف سے 150 کیلومیٹر دور رضوان میں طائف ۔ ریاض ایکسپریس وے پر کل یہ حادثہ ہوا جس میں تمام پانچ ہندوستانی ہلاک ہوگئے ان کا تعلق کیرالا کے ضلع ملاپورم سے ہے ۔ ان کی شناخت 32 سالہ محمد سلیم ، 26 سالہ محمد نواز ، 26 سالہ نوشاد ، 35 سالہ ٹی کے سریدھرن اور 40 سالہ کے جناردھنن کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ ملاپورم کے ہی مزید ایک ورکر اور ایک بنگلہ دیشی کو شدید زخمی حالت میں طائف کے ملک عبدالعزیز ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے ۔ مہلوکین کی نعش طائف کے ملک فہد ہاسپٹل کے مردہ خانہ میں رکھی گئی ہیں۔ مہلوکین دمام کی ایک کمپنی میں کام کرتے تھے اور ریاض کو روانگی کے دوران حادثہ پیش آیا ۔گزشتہ ماہ سعودی عرب میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے چار ہندوستانی ہلاک ہوگئے تھے ۔ ان میں ایک شیرخوار بھی شامل تھا۔ ان کا تعلق کیرالا کے اوپلا ضلع سے تھا۔