سعودی عرب قصیم میں بڑا دہشت گرد حملہ ناکام ، کئی افراد ہلاک

صوبہ قصیم کے شہر برودیا میں چیک پوسٹ پر حملہ ، سکیورٹی فورس نے حملہ آوروں کو موت کے گھات اتاردیا

ریاض ۔ /8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عربیہ کی سکیورٹی فورس نے آج بہت بڑے دہشت گرد حملے کو ناکام بنادیا ۔ صوبہ قصیم کے شہر برودیہ میں سکیورٹی چیک پوائنٹ پر ایک حملہ میں سعودی عرب کے سکیورٹی فورسیس کا ایک رکن اور ایک بیرونی شہری ہلاک ہوئے ۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شمال میں واقع صوبہ قصیم میں کی گئی دہشت گردانہ کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے سکیورٹی فورسیس نے دو حملہ آوروں کو بھی ہلاک کردیا ۔ دوسرا حملہ آور زخمی بتایا گیا ہے ۔ سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کے قلب میں واقع صوبہ قصیم میں سنی اسلامی اسکول واقع ہے جہاں ملک کا اہم ترین قدامت پسند طبقہ رہتا ہے ۔ سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے اس حملے کی توثیق کی ہے اور کہا ہے کہ اتوار کے دن سکیورٹی آفیسرس کے ساتھ انتہاپسندوں کی جھڑپ ہوئی ۔ اس جھڑپ میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک فوجی آفیسر اور دوسرا غیرملکی شہری ہلاک ہوا ۔ وزارت داخلہ سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ یہ حملہ بریدا میں سہ پہر 3.45 پر کیا گیا ۔ تین دہشت گردوں نے سکیورٹی چیک پوائنٹ پر اندھادھند فائرنگ شروع کی ۔ جوابی فائرنگ میں دو حملہ آور ہلاک ہوئے جبکہ تیسرا زخمی ہے ۔ زخمی کو دواخانہ میں شریک کیا گیا ۔ بعض ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد زیادہ تھی ۔ بعض حملہ آوروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے ۔ دہشت گرد گروہ صوبہ قصیم میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا ۔