سعودی عرب : فوجی کارروائی میں 2دہشت گرد ہلاک

سعودی عرب میں دہشت گردی میں 40ممالک کے شہری ملوث ‘ وزارت داخلہ سعودی عرب کا بیان
ریاض ۔22جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں فوج کی ایک کارروائی کے دوران دو مشتبہ خود کش دہشت گردہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ جدہ کے الحزارت کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب سکیورٹی فورسز اور ایک مکان میں چھپے ہوئے مبینہ دہشتگردوں کے دوران فائنرگ کا تبادلہ ہوا۔سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ سے منسلک ایک ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ فوج کو اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ مکان میں کچھ مسلح دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں جس کے بعد وہاں یہ کارروائی کی گئی۔ دونوں جانب سے فائرنگ کے دوران ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ دو دیگر مبینہ دہشت گردوںنے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔متحدہ عرب امارات میں قائم ٹی وی چینل ’سکائی نیوز عربیہ ‘ نے اس کارروائی کی ایک ویڈیو بھی نشر کی ہے جس میں سکیورٹی اہلکاروں اور مبینہ دہشت گردوںکے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے علاوہ ایک دھماکہ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ جدہ کا وہ علاقہ جہاں ہفتہ کو مبینہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی گئی ۔یاد رہے کہ سنہ 2014 کے وسط سے نام نہاد شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سعودی عرب میں بم دھماکوں اور فائرنگ کی کئی کارروائیاں کر چکی ہے جن میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے تھے۔ ہلاک و زخمی ہونے والوں کی اکثریت کا تعلق ملک کی اقلیتی آبادی اور فوج سے تھا۔گذشتہ سال جدہ میں ہی امریکی قونصل خانے کے قریب ایک دھماکہ بھی ہوا تھا جس میں خود کش حملہ آور ہلاک جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہو گئے تھے۔

گذشتہ کئی دہائیوں میں سعودی عرب میں یہ ایسا پہلا حملہ تھا جس میں غیر ملکیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔جدہ میں مبینہ دہشت گردوںکی ہلاکت کے واقعے سے قبل ہی سعودی عرب حکام نے کہا تھا کہ ملک میں حالیہ چند برسوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں 40 ممالک کے شہری ملوث ہیں۔سعودی گزٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے تواصل پورٹل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ملک کی پانچ انٹیلی جنس جیلوں میں 5085 مشتبہ افراد زیر حراست ہیں۔ِسعودی عہدیداروںکے بموجب ملک میں حالیہ چند برسوں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں 40 ممالک کے شہری ملوث ہیں۔سعودی گیزٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے تواصل پورٹل (شعبہ مواصلات) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی پانچ انٹیلی جنس جیلوں میں 5085 مشتبہ افراد زیر حراست ہیں۔زیرحراست مشتبہ افراد میں 68 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔ تاہم حکام کی جانب سے ان پر کس نوعیت کے مقدمات ہیں یا انھیں کس جرم کے شبہ میں زیرحراست رکھا گیا اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔سعودی عہدیداروں کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تین امریکی شہری اور فرانس، بیلجیئم اور کینیڈا سے ایک ایک شہری بھی زیرحراست ہیں۔