برسبین۔16نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کو ایک قریبی دوست قرار دیتے ہوئے ولیعہد سلمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم نریندر مودی سے کہا ہے کہ سعودی عرب تمام شعبوں میں ہندوستان سے تعاون کیلئے تیار ہے ۔ آج یہاں جی 20چوٹی اجلاس کے موقع پر پہلی باہمی ملاقات کے دوران سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ ہم باہمی روابط کو مزید آگے لے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص شعبوں میں سعودی وفود ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں ۔ اس مختصر ملاقات کے دوران مودی نے کہا کہ ہندوستان کئی معاملات میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون میں اضافہ کا خواہاں ہے ۔ سعودی شہزادہ نے مودی کو مبارکباد دی اور کہا کہ اُن کا ملک تمام شعبوں میں تعاون کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ وزارت اُمورخارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو یہ بات بتائی ۔