لندن 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے ایران کے نیوکلیر عزائم کے خلاف آج سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ دنیا اگر ایران کے نیوکلیر عزائم پر قابو پانے میں ناکام ہوجاتی ہے تو وہ (سعودی عرب) نیوکلیر اسلحہ کی تیاری کے بشمول اپنے تمام اختیارات استعمال کرسکتا ہے۔ سعودی عرب کے سفیر برائے برطانیہ پرنس محمد بن نواف نے کہاکہ ان کا ملک نیوکلیر اسلحہ کی تیاری کی پالیسی سے خود کو دور رکھا ہے لیکن یہ دعویٰ بھی کیاکہ ایران کی جانب سے اپنے نیوکلیر عزائم پر عمل آوری کے سبب مشرق وسطیٰ کا سارا منظر تبدیل ہوچکا ہے۔ ایرانی نیوکلیر پروگرام پر پیدا شدہ تعطل کو ختم کرنے کے لئے امریکہ کے صدر بارک اوباما کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے پرنس محمد بن نواف نے کہاکہ ایران کے ساتھ کیا جانے والا کوئی بھی سمجھوتہ انتہائی سخت ہونا چاہئے اور اس میں ایران کو عدم استحکام پھیلانے کی کوششوں پر مبنی اس کی خارجہ پالیسی جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔ بین الاقوامی برادری یہ الزام عائد کررہی ہے کہ ایران شہری مقاصد کے لئے اپنی نیوکلیر صلاحیتوں میں اضافہ کے بہانے نیوکلیر اسلحہ کو فروغ دے رہا ہے۔ ایران کو اس کے نیوکلیر پروگرام سے باز رکھنے کیلئے چھ عالمی طاقتیں اس ملک کے ساتھ طویل عرصہ سے مذاکرات میں مصروف ہیں اور توقع ہے کہ 30 جون کو کسی سمجھوتہ کے ساتھ یہ مذاکرات ختم ہوں گے۔