سعودی عرب اور دبئی ویاٹ کا ہندوستانیوں کی اکثریت پر منفی اثر: تلمیذ احمد

حیدرآباد۔/3 جنوری، ( سیاست نیوز) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے اضافی قدر ٹیکس کے متعارف کئے جانے کے بعد ہندوستانیوں پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ ان دونوں ممالک میں کام کرنے والے ہندوستانیوں کی اکثریت کو اپنی آمدنی میں کمی کا اندیشہ لاحق ہوگا۔ سابق سفیر برائے سعودی عرب ، عمان اور متحدہ عرب امارات تلمیذ احمد نے کہا کہ ویاٹ کی وجہ سے سعودی عرب اور یو اے ای میں مقیم زائد از 70 تا 80 فیصد ہندوستانی برادری پر منفی اثر مرتب ہوگا۔ اس وقت سعودی عرب اور یو اے ای میں علی الترتیب 3 ملین اور 2.8ملین ہندوستانی مقیم ہیں ان میں سے کمتر متوسط طبقہ اور متوسط طبقہ شامل ہیں۔ کرایہ، میڈیکل اخراجات، اسکول کی فیس، ٹرانسپورٹ اور ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے غیر مقیم ہندوستانیوں کو پریشانی لاحق ہوگی۔ گزشتہ دو سال سے یہاں پر مقیم این آر آئیز پریشان ہیں۔ اب ویاٹ سے لیبر طبقہ پر بھی منفی اثر پڑے گا۔