جدہ ۔ /27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات میں شوال المکرم کا چاند نظر آگیا ہے اور کل بروز پیر /28 جولائی کو عیدالفطر ہوگی ۔ سعودی عرب کی اعلیٰ شوریٰ کونسل نے رویت کی تصدیق کرتے ہوئے عیدالفطر کا اعلان کیا ہے ۔ مقبوضہ بیت المقدس فلسطین میں کل عیدالفطر ہوگی ۔ فقہ کونسل شمالی امریکہ کے مطابق امریکہ میں بھی کل بروز پیر عیدالفطر منائی جائے گی ۔ اس کے علاوہ یوروپ ، امریکہ ، کناڈا ، آسٹریلیا ، برطانیہ کے کئی علاقوں میں بھی عید ہوگی ۔
بیرونی خبررساں ایجنسی کے مطابق جنوب مشرقی ایشیاء میں واقع انڈونیشیا ، بنگلہ دیش میں بھی چاند نظر آنے کے بعد عیدالفطر منائی جائے گی ۔ نیوزی لینڈ سے نمائندہ سیاست سید مجیب نے بتایا کہ نیوزی لینڈ میں کل پیر کو عید ہوگی ۔ قبل ازیں یہاں رویت کی تصدیق نہ ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔ایران ، پاکستان اور ہندوستان میں بروز منگل عید متوقع ہے ۔ تاہم ہندوستان کی ریاست کیرالا میں آج چاند نظر نہیں آیا۔ لہذا مقامی مسلمانوں نے منگل کو عید منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ رویت کمیٹی کے ارکان جن میں سید حیدر علی صاحب تھنگل، زین الدین ، سید محمد کویا، او پی ایم سید متوکیا، سید محمد جعفری نے کیرالا میں چاند نظر نہ آنے کی توثیق کی ۔ کل ہندوستان کی مختلف ریاستوں میںمقامی رویت ہلال کمیٹیاں چاند دیکھنے کے بعد عید کا اعلان کریں گی ۔