نئی دہلی ۔ 3 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے سفارتکار کے ساتھ نوجوانوں کے گروپ نے مبینہ طورپر ناروا سلوک اختیار کیا۔ یہ واقعہ تقریباً 15 دن قبل پیش آیا جبکہ سفارتکار عبدالرحمن جو سکریٹری رتبہ کے آفیسر ہیں جنوبی دہلی کے صفدرجنگ علاقہ میں اپنی رہائش گاہ کے قریب واقع پارک میں پالتو کتا ساتھ لے گئے تھے ۔ جیسے ہی ایک نوجوان نے شام کی چہل قدمی کے دوران انھیں کمیونٹی پارک میں کتے کے ساتھ دیکھا تو ہندی میں بحث شروع کردی۔ اُس نے سائن بورڈ کی طرف اشارہ کیا جس پر یہ لکھا تھا کہ پارک میں کتا لانے پر امتناع ہے ۔ تاہم یہ سائن بورڈ بھی ہندی میں تھا ۔ سفیر نے یہ واضح کرنے کی کوشش کی کہ وہ ہندی نہیں جانتے اور انگریزی میں بات کرنے کیلئے زور دیا لیکن تب تک بحث شروع ہوگئی تھی جس نے جھڑپ کی شکل اختیار کرلی۔ دیکھتے ہی دیکھتے مزید چند نوجوان جمع ہوگئے اور انھوں نے مبینہ طورپر سفارتی عہدیدار کو زدوکوب کیا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ عبدالرحمن کی پارک میں چند افراد کے ساتھ معمولی لڑائی ہوئی ۔ انھوں نے کہاکہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اس ضمن میں کوئی گرفتار ی عمل میں نہیں آئی ۔