سعودی دارالحکومت میں ڈرون کو مار گرایا گیا

سکیوریٹی فورسیس کی کارروائی ۔ شاہ سلمان کے محل کے قریب فائرنگ کا بھی واقعہ

ریاض 22 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہفتہ کی شام فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو گشت کرنے لگا جس میں وہاں زبردست فائرنگ دکھائی گئی تھی ۔ اس واقعہ کے بعد سعودی حکومت نے وضاحت کی ہے کہ اس علاقہ میں کسی نے کھلونے والا ڈرون ( طیارہ ) اڑایا تھا جبکہ یہاں ایسا کرنا منع ہے اور سکیوریٹی فورسیس نے اس کو مارگرایا ہے ۔ حکومت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت ریاض میں ایک چیک پوائنٹ پر موجود گارڈز نے رات 8 بجے کے بعد اس ڈرون کو دیکھا تھا جو الخزامہ علاقہ میں ہے ۔ یہ علاقہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے محل کے قریب ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ خبر رساں اداروں نے سعودی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اس وقت شاہ سلمان اپنے محل میں موجود نہیں تھے اور وہ دیریا میں واقع اپنے فارم ہاوز میں تھے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیوریٹی فورسیس نے انہیں ملنے والے احکام کے مطابق اس معاملہ سے نمٹا ہے ۔ یمنی حوثی باغیوں کی جانب سے وقفہ وقفہ سے سعودی عرب کو نشانہ بناتے ہوئے حملے کئے جا رہے ہیں۔ دو روز قبل ہی ایک صوبہ میں چیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی تھی جس میں چار سکیوریٹی اہلکار ہلاک اور چار دوسرے زخمی ہوگئے تھے ۔ گذشتہ برس سعودی شہر جدہ کے ایک شاہی محل کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں دو سکیوریٹی گارڈ ہلاک اور تین دوسرے زخمی ہوگئے تھے ۔ کل پیش آئے واقعہ کے بعد سعودی حکام نے ڈرونس کے استعمال پر سخت پابندی عائد کردی ہیں اور نئے قوانین وضع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔