سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت کی ٹرمپ نے ستائش کی

واشنگٹن۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج سعودی عرب کے اس فیصلہ کی ستائش کی ہے، جہاں خواتین کو کار ڈرائیونگ کی اجازت دی گئی ہے۔ قدامت پسندی کے لئے مشہور سعودی عرب حکومت کے اس اقدام کو ایک مثبت فیصلہ سے تعبیر کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کل ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سعودی خواتین آئندہ موسم گرما سے کار ڈرائیو کرنے کی اہل ہوں گی۔ اس طرح خواتین کے حقوق کی تنظیم نے اس حکم نامہ کو ایک قدامت پسند روایت کو ختم کرنے سے تعبیر کیا ہے۔ وائیٹ ہاؤز کی پریس سیکریٹری سارہ سینڈرس نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح خواتین کے حقوق کو بالآخر سعودی حکومت نے بھی ملحوظ رکھا ہے اور اب سعودی عرب میں بھی خواتین کو کئی مواقع اور حقوق حاصل ہوئے ہیں۔ سعودی عرب کے ان اصلاحاتی اقدامات کی امریکہ ہمیشہ تائید کرتا رہے گا اور یہی وہ طریقہ ہے جس سے سعودی ویژن 2030 کے اطلاق کو حقیقی طور پر ترقی پسند کہا جاسکتا ہے۔