لندن 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) قدامت پسند خلیجی مملکت سعودی عرب میں معاشرہ میں جدید کاری کیلئے کئے جانے والے سلسلہ وار ’’عصری اصلاحات‘‘ کے تحت توقع ہے کہ مرد کی اجازت کے بغیر خواتین کے سفر پر عائد امتناع کو برخاست کردیا جائے گا۔ برطانوی روزنامہ ’’دی انڈیپنڈنٹ‘‘ کے مطابق سعودی عرب کے موجودہ قوانین کے مطابق 45 سال سے کم عمر سعودی خاتون کو حتیٰ کہ اندرون ملک سفر کے لئے بھی اپنے مرد سرپرست (والد، بھائی، شوہر) یا پھر محرم کی اجازت کا ثبوت پیش کرنا لازمی ہے۔ تاہم جدہ میں پاسپورٹ آفس کے ڈائرکٹر جنرل نے کہا ہے کہ ’’آپ کا پاسپورٹ آپ کی شناخت‘‘ کے زیرعنوان ایک نئی مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت خواتین سے ان کی عمر نہیں بلکہ سفر کی وجہ پوچھی جائے گی۔ میجر سلیمان یحیٰی نے کہاکہ نئے ضابطوں کے تحت خواتین کو اپنے سفر سے قبل اجازت کیلئے اب مختلف وزارتوں کے چکر کاٹنا نہیں پڑے گا۔ چند گوشوں نے اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ اب خواتین کو اپنے سفر کے لئے کوئی بات چھپانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ لیکن دوسروں نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ جدید کاری اور عصری اصلاحات کے نام پر کئے جانے والے اقدامات پہلے سے رائج سخت کنٹرول مزید عصری بنانے کی کوشش ہیں۔
اسرائیلی فورسیس کی فائرنگ ،ایک فلسطینی ہلاک
نبلس (فلسطینی سرحدیں) 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی افواج کے ساتھ ہوئی جھڑپ میں جو شمالی مغربی کنارہ کے شہر جنین کے ایک پناہ گزین کیمپ میں ہوئی تھی، ایک فلسطینی شہری ہلاک ہوگیا۔ میڈیکل اور سکیوریٹی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔