ہندوستان دورہ کی دعوت ، ٹی سی ایس ٹریننگ سنٹر کے ملازمین کو مفید مشورے ، سیلفی کا موقع دیا
ریاض ۔ /3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ریاض میں اپنی نوعیت کے منفرد ویمن ٹی سی ایس ٹریننگ سنٹر پر سعودی خاتون آئی ٹی پروفیشنلس سے ملاقات کی اور انہیں ہندوستان آنے کی دعوت دی ۔ نریندر مودی نے ٹاٹا کنسلٹنسی سرویسیس (ٹی سی ایس) سنٹرکے خاتون پروفیشنلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساری دنیا کے لئے یہ ایک بڑی خبر ہوگی کہ آج ریاض میں وہ ان آئی ٹی پروفیشنلس سے مل رہے ہیں جن کے بارے میں وہ کہہ سکتے ہیں کہ سعودی عرب کی خوشحالی کی علامت ہیں ۔ ٹاٹا گروپ کے صدرنشین سائرس مستری اور ٹی سی ایس کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر و ایم ڈی این چندرا شیکھرن نے ایک ہزار سے زائد خاتون پروفیشنلس کی موجودگی میں وزیراعظم نریندر مودی کا خیرمقدم کیا ۔ نریندر مودی نے یہاں 40 منٹ کا وقت دیا اور سیلفی لینے کا بھی موقع فراہم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب کو ہندوستان آنا چاہئیے اور وہ تیقن دیئے کہ ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا جائے گا ۔ آج یہاں جو ماحول وہ دیکھ رہے ہیں وہ ساری دنیا کے لئے ایک مضبوط پیام دینے والا ہے ۔ ٹی سی ایس سنٹر پر تقریباً ایک ہزار خواتین بی پی او آپریشنس انجام دیتے ہیں اور 85 فیصد سعودی شہری ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کی مسابقتی دنیا میں اگر ہمیں ترقی کرنا ہو تو تمام طاقتوں کو ملکر ترقی کرنا ہوگا وہ جب طاقتوں کی بات کرتے ہیں تو اس میں نہ صرف قدرتی وسائل بلکہ انسانی وسائل بھی شامل ہیں ۔
انسانی وسائل میں انسانی طاقت کافی اہم رول ادا کرتی ہے ۔ اگر خواتین کی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اسے ترقی کے عمل سے مربوط کردیا جائے تو ملک کی تیز رفتار ترقی یقینی ہوتی ہے ۔ انہوں نے ٹی سی ایس کو بھی دلی مبارکباد دی جس نے یہاں ٹریننگ سنٹر قائم کیا ۔ جہاں نوجوان مرد و خواتین کو تربیت دی جارہی ہے اور ڈیجیٹل دنیا کے ذریعہ اس ساری دنیا کو بااختیار بنایا جارہا ہے ۔ مودی نے کہا کہ آئی ٹی شعبہ میں ہندوستان نے دنیا میں اپنی جگہ بنالی ہے ۔ انہوں نے تمام سے خواہش کی کہ وہ ملکر ہندوستان آئیں اور آپ خود محسوس کریں گے ۔ ہندوستانیوں پر آپ نے کیا اثرات مرتب کئے ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ان کی ایک تجویز ہے ۔ انہوں نے حکمرانی اور شفافیت میں ٹکنالوجی کی اہمیت کو محسوس کیا ہے اور ان کے لئے ای حکمرانی آسان ہے ۔ وہ خود بھی ٹکنالوجی سے خود کو ہم آہنگ کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا اگر آپ میرے اور ہندوستان کے بارے میں معلومات حاصل کرنا اور آپ آج لی گئی سیلفی کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں برائے مہربانی نریندر مودی اپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کیجئے ۔ سی ای او اور ایم ڈی ٹی سی ایس مسٹر چندر شیکھرن نے نریندر مودی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہاں کے ملازمین کو وزیراعظم سے ملاقات اور تبادلہ خیال کا موقع فراہم ہوا ہے ۔ دونوں ممالک کے ہمیشہ مستحکم و مضبوط باہمی روابط رہے ہیں ۔ ٹی سی ایس نے خواتین کے لئے مخصوص پہلا بزنس پروسیس سرویسیس (بی پی ایس) سنٹر ریاض میں 2013 ء میں قائم کیا تھا ۔