سعودی اورالقاعدہ کی حوثیوں کیخلاف محاذ آرائی :بی بی سی

لندن ۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی نشریاتی ادارہ ’’بی بی سی‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں لڑنے والے اتحادی فوج کی حمایت یافتہ ملیشیا اور القاعدہ کے جنگجو تعز شہر میں حوثی باغیوں کے خلاف مل کر لڑ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق تعز شہر کے لیے جاری لڑائی میں ایک دستاویزی فلم بنانے والی خاتون نے ویڈیو بنائی ہے جس میں القاعدہ کے جنگجو اور یمنی حکومت کی حمایتی ملیشیا جس کی حمایت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کر رہی ہے کو اکٹھے لڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔تعز شہر کے تمام راستوں پر حوثی باغیوں کا کنٹرول ہے اور شہر میں مقامی ملیشیا محصور ہوگئی ہے جبکہ اتحادی فوج باغیوں پر جنوب اور مغرب سے کئی محاذوں پر لڑ رہی ہے۔اس لڑائی کے باعث تعز شہر میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور اقوام متحدہ کے مطابق دو لاکھ شہری شہر میں محصور ہیں جن کو طبی امداد اور خوراک کی ضرورت ہے۔ دستاویزی فلم بنانے والی صفا الاحمد نے محاذ جنگ پر حکومت کی حمایتی ملیشیا سے بات کی جو پہاڑی کی چوٹی پر متحدہ عرب امارات کی فوج کی مدد سے حوثی باغیوں کے خلاف لڑ رہے تھے۔ القاعدہ سے منسلک ،انصار الشریعہ یہاں باغیوں سے لڑرہے تھے۔پچھلے 11 ماہ میں کئی اطلاعات آچکی ہیں کہ جنوبی یمن میں اتحادی فوج اور القاعدہ کے جنگجو حوثیوں کے خلاف اکٹھے لڑ رہے ہیں۔