سعودی استغاثہ نے قونصل خانہ کا پھر معائنہ کیا

استنبول 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے اعلیٰ استغاثہ نے آج استنبول میں مملکت کے قونصل خانہ کا معائنہ کیا جہاں جرنلسٹ جمال خشوگی کا 2 اکٹوبر کو قتل کردیا گیا تھا۔ اس مقام پر موجود اے ایف پی کے ایک جرنلسٹ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے مزید کہاکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ اٹارنی جنرل شیخ سعود الموجب نے سفارتی کمپاؤنڈ میں پہونچنے کے بعد کوئی بیان نہیں دیا۔ قبل ازیں اُنھوں نے اعتراف کیا تھا کہ جمال خشوگی کا منصوبہ بند انداز میں قتل ہوا ہے۔ سعود الموجب نے آج صبح استنبول کے اعلیٰ استغاثہ عرفان زدان سے دوسری مرتبہ ملاقات کی۔ قبل ازیں پیر کو اُنھوں نے پہلی ملاقات کے دوران ترکی کی طرف سے کی گئی تحقیقات کی تمام تفصیلات فراہم کرنے کی خواہش کی تھی جن میں اس واقعہ سے متعلق تمام تصاویر اور آڈیو ریکارڈنگس بھی شامل ہیں۔ لیکن ترکی کے حکام نے ان کی اس درخواست کو مسترد کردیا تھا اور بجائے اس کے خود سعودی عرب سے یہ انکشاف کرنے کا مطالبہ کیا تھا کہ خشوگی کی نعش کہاں ہے جو ہنوز کسی کو دستیاب نہیں ہوئی ہے۔