ڈھاکہ ، 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہند۔ بنگلہ دیش ڈپلومیسی میں لگاتار دوسرے روز ساڑی نے رول ادا کیا جب وزیر امور خارجہ سشما سوراج کو دو جمدانی ساڑیوں کا تحفہ سابقہ وزیراعظم خالدہ ضیاء نے پیش کیا، جس سے ایک روز قبل دورہ کنندہ ہندوستانی قائد نے وزیراعظم شیخ حسینہ کے ساتھ ساڑیوں کا تبادلہ کیا تھا۔ ’’میڈم ضیاء نے اپنے ساتھ دو جمدانی ساڑیاں لائے جبکہ انھوں نے ہندوستانی وزیر امور خارجہ سے ملاقات کی … ایک سشما سوراج اور دیگر اُن کی بیٹی کیلئے،‘‘ خالدہ کے پریس سکریٹری معروف کمال سہیل نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ خالدہ نے جو اصل اپوزیشن بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیرپرسن ہیں، آج یہاں اپنی ہوٹل میں سشما سے ملاقات کے دوران انھیں ساڑیاں پیش کئے۔ کل سشما نے کریم کلر والی ساڑی حسینہ کو پیش کی تھی، جنھوں نے جوابی تحفہ میں انھیں مشہور بنگلہ دیشی جمدانی ساڑی دی۔ سشما نے خالدہ کے ساتھ لگ بھگ 30 منٹ بات چیت کی، جن کے ہمراہ اُن کی پارٹی کے کئی قائدین تھے۔