سشما سوراج کی 7 ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات

اقوام متحدہ 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سوراج نے اپنا 10 روزہ دورۂ امریکہ یکے بعد دیگرے 7 ممالک کے وزرائے خارجہ بشمول برطانیہ اور مالدیپ کے وزرائے خارجہ سے مسلسل ملاقاتوں کے ذریعہ کیا۔ سشما سوراج نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرس میں کل یہ ملاقاتیں کیں۔ اُنھوں نے وزیر خارجہ برطانیہ فلپ ہیمنڈ، سوڈان کے وزیر برائے خارجی اُمور علی احمد کرتی، مالدیپ کے وزیر خارجہ دنیا مامون، ناروے کے وزیر اُمور خارجہ بورژ برندے، وزیر خارجہ کرغستان عبدی دائف ایرلان بیکیشووچ، یونان کے نائب وزیراعظم ایوانجی لوز ونیزیلوس اور نائجیریا کے وزیر خارجہ امینو والی سے ملاقاتیں کیں۔ تاہم ملاقاتوں کے بعد سشما سوراج نے اخباری نمائندوں سے بات چیت سے گریز کیا۔ وزیر خارجہ تقریباً 100 وزرائے خارجہ سے اپنے دورۂ امریکہ کے موقع پر ملاقاتیں کریں گی اور وزیراعظم نریندر مودی کے وفد میں بھی شامل رہیں گی جو 26 ستمبر کو نیویارک پہونچے گا۔ وزیراعظم مودی کی آمد سے قبل سشما سوراج G-4 ، آئی بی ایس اے، بریکس، دولت مشترکہ اور سارک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔ وزیر خارجہ برازیل لوئس البرٹو فقیریڈو مچانڈو، بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ابوالحسن محمود علی اور وزیر خارجہ چین وانگ ای سے ملاقاتیں بھی مقرر ہے۔ دولت مشترکہ اور سارک کے اجلاسوں میں سشما سوراج مشیر قومی سلامتی پاکستان و خارجی اُمور کے مشیر سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کرسکتی ہیں۔ 26 ستمبر کو مودی نیویارک پہونچیں گے۔ سشما سوراج وزیر خارجہ مصر سامیش حسن شکری کے ساتھ ملاقات کرنے کے علاوہ وزارتی سطح کے فلسطینی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گی۔

وزیراعظم کو مریخ مہم کی اوّلین تصویریں پیش
نئی دہلی 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرو کے سائنسدانوں نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو سیارہ مریخ کے اطراف مداری گردش کرنے والے خلائی جہاز کی لی ہوئی اوّلین تصویریں پیش کردیں۔ اسرو کے صدرنشین کے رادھا کرشنن اور سائنٹفک سکریٹری وی کوٹیشور راؤ کی زیرقیادت اسرو کے سائنسدانوں کی ایک ٹیم تصویروں کے ساتھ بذریعہ طیارہ وزیراعظم سے ملاقات کے لئے پہونچی تھی۔ بعدازاں وزیراعظم نے ٹوئٹر پر کہاکہ آج صبح منگلیان کی لی ہوئی اوّلین تصویریں پیش کردی گئی ہیں۔