سشما سوراج کی وزیر خارجہ چین سے ملاقات

کھٹمنڈو۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر امور خارجہ سشما سوراج نے آج چین کے ہم منصب ویانگ ای سے ملاقات کی اور 26/11 کے ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی پر پاکستان کی بے عملی کے خلاف اقوام متحدہ میں جاری کوششوں میں چین کی جانب سے رکاوٹیں حائل کرنے کا مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا طرز عمل باہمی روابط میں پیشرفت میں مانع ہوگا۔ نیپال میں بین الاقوامی عطیہ دہندگان کانفرنس کے موقع پر یہ ملاقات ہوئی۔ سشما سوراج نے چین کے وزیر خارجہ کو بتایا کہ ذکی الرحمن لکھوی کوئی عام دہشت گرد نہیں ہے۔ اس نے ممبئی میں دہشت گرد حملہ کیا جس میں 166 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ انہوں نے یہ مسئلہ اس لئے بھی اٹھایا کیوں کہ چین نے اقوام متحدہ 1267 کمیٹی میں یہ مسئلہ پیش کیا تھا۔ سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان اور چین دونوں دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں۔ چنانچہ اچھے دہشت گرد اور برے دہشت گرد کا کوئی فرق نہیں ہونا چاہئے۔ وزیر امور خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے بات چیت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سشما سوراج نے یہ واضح کیا کہ اس معاملہ میں چین کا طرز عمل بالکلیہ الگ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی وزیر خارجہ نے سشما سوراج پر واضح کیا ہے کہ چین ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور وہ اس معاملہ کا جائزہ لے گا۔