سشما سوراج کی لگژمبرگ کے وزیراعظم و ڈیوک سے ملاقات ، باہمی تعلقات پر زور

لگژمبرگ سٹی ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ ہندسشما سوراج نے لگژمبرگ کے وزیراعظم زیویئربٹیل سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے طریقۂ کار پر تفصیلی بات چیت کی ۔ دونوں قائدین نے خلاء ، ڈیجیٹل انڈیا اور عوام سے عوام کے تعلقات کے موضوع پر بھی بات چیت کی ۔ اپنے چار ملکی دورہ کے تیسرے مرحلہ میں سشما سوراج کل لگژمبرک پہنچیں اور اس طرح وہ اس یوروپی ملک کا دورہ کرنے والی پہلی ہندوستانی وزیر خارجہ بن گئیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے بھی ٹوئیٹ کرتے ہوئے دونوں قائدین کی ملاقات کا تذکرہ کیااور انھیں (زیوئیر) ہندوستان کا دوست قرار دیا اور جن موضوعات پر دونوں قائدین نے تبادلۂ خیال کیا اُن کا ذکر بھی کیا گیا ۔ سشما سوراج نے اس کے علاوہ گرانڈ ڈیوک آف لگژمبرگ ہنری البرٹ سے بھی ملاقات کی جہاں دونوں ممالک کے 70 سالہ قدیم اور مستحکم تعلقات کو مزید استحکام بخشنے کے موضوع پر بات چیت ہوئی ۔ سشما سوراج نے بعد ازاں وزیر برائے اُمور خاجہ اور اُمور یوروپ جین اسیلبورن سے بھی ملاقات کی۔