سشما سوراج کی عمان آمد، اہم مسائل پر آج بات چیت

مسقط ۔ 17 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر امور خارجہ سشما سوراج عمان کو اپنے اولین سرکاری دورہ پر آج یہاں پہنچیں تاکہ تیل کی دولت سے مالا مال اس خلیجی مملکت کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے باہمی سیاسی، معاشی ، دفاعی اور سیکوریٹی مسائل کے ساتھ ساتھ علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔ یہ سشما کا اس خلیجی خطہ کو تیسرا دورہ ہے۔ وہ قبل ازیں گزشتہ سال سپٹمبر میں بحرین اور نومبر میں متحدہ عرب امارات کا سفر کرچکی ہیں، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ نئی حکومت نے کلیدی اہمیت کے حامل اس خطہ کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو بڑی اہمیت دے رکھی ہے۔ یہاں اپنے دو روزہ دورہ کے دوران سشما کل اپنے عمانی ہم منصب یوسف بن علوی بن عبداللہ کے ساتھ باہمی، علاقائی اور باہمی مفاد کے دیگر مسائل پر بات چیت کریں گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سب سے پہلے وزیر خارجہ جن کا سشما نے استقبال کیا، یوسف بن علوی ہی تھے، جنہوں نے گزشتہ سال جون میں عمانی قیادت کے قاصد کی حیثیت سے نئی دہلی کا دورہ کیا تھا جبکہ بی جے پی زیر قیادت حکومت کو اقتدار سنبھالے چند دن ہوئے تھے۔ سشما جو آج شام یہاں پہنچیں، ان کا استقبال عمانی وزارت خارجہ کے عہدیداروں اور ہندوستان کے سفیر برائے عمان جے ایس مکل نے کیا۔ ہندوستانی عہدیداروں نے کہا کہ وزیر امور خارجہ کے دورہ عمان میں مختلف سیاسی، معاشی، دفاعی ، سلامتی اور عوام سے عوام رابطوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ وہ توقع ہے کہ ایسے علاقائی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کریں گی جن میں ہندوستان اور عمان دونوں کا مفاد مضمر ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ ممکن ہے وزیراعظم نریندر مودی کے اس سال کے اواخر عمان کو ممکنہ دورہ پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔