سشما سوراج کی صدارت میں نیپال جوائنٹ کمیشن کا اجلاس

کھٹمنڈو ۔26 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج نیپال کے ساتھ ہندوستان کے دو رخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اپنے نیپالی ہم منصب مہندر بہادر پانڈے سے ملاقات کی اور مختلف موضوعات اور مدعوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ بعد ازاں دونوں لیڈروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور سکیورٹی پر زائد توجہ دیں گے ۔مہندر بہادر پانڈے نے سشما سوراج کا زبرست خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ معتمد خارجہ سجاتا سنگھ اور وزارت خارجہ کے دیگر اعلیٰ سطحی عہدیداران بھی اجلاس میں موجود تھے ۔ جوائنٹ کمیشن میٹنگ (JCM) میں اہم مدعوں پر تفصیلی بات چیت ہوگی جو 23 سال کے طویل عرصہ کے بعد منعقد ہورہا ہے

جس کی صدارت مشترکہ طورپر پانڈے اور سشما سوراج نے کی ہے جہاں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان نئے شعبوں کی نشاندہی کیلئے اہم اشخاص کا ایک گروپ تشکیل دیا جائے گا تاکہ اُن شعبوں میں دونوں ممالک ایک دوسرے سے مکمل تعاون کرتے ہوئے ترقی کو یقینی بنائیں۔ جے سی ایم میں خصوصی طورپر سکیوریٹی کے شعبہ پر زائد توجہ مرکوز کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس شعبہ میں بھی باہمی تعاون کو وسیع تر کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہندوستانی وفد میں معتمد خارجہ سجاتا سنگھ کے علاوہ وزرات روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی ویز ، وزارت آبی وسائل اور وزارت ثقافت سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ سطحی عہدیدار بھی شامل ہیں۔ مذاکرات کو پانچ زمروں میں تقسیم کیا گیاہے جیسے سیاسی، سکیوریٹی اور سرحدی معاملات ، معاشی تعاون و انفراسٹرکچر ، ٹریڈ و ٹرانزٹ ، توانائی اور آبی وسائل اور ثقافت ، تعلیم اور میڈیا ۔ سشما سوراج نے سیاست ، سکیوریٹی و سرحدی معاملات پر ہوئے مباحثہ کی مشترکہ صدارت کی ۔