بروسیلز ۔23 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ سشما سوراج نے آج بلجیم کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ڈیڈیر اینڈرس سے ملاقات کی جہاں دونوں قائدین نے دونوں ممالک کے تعلقات کے علاوہ علاقائی اور دیگر ہمہ جہتی حالات اور موضوعات پر تبادلہ خیال کیا ۔ سشما سوراج لگژمبرگ سے اپنے دورہ کے آخری مرحلہ میں چہارشنبہ کو بلجیم پہنچیں جبکہ قبل ازیں انھوں نے فرانس اور اٹلی کا دورہ کیا تھا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اس موقع پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے 70 سال مکمل ہورہے ہیں اور اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے سشما جی کا ایگمونٹ پیالیس میں والہانہ استقبال کیا ۔ بعد ازاں دونوں قائدین کے درمیان مندوبین سطح پر بھی بات چیت ہوئی ۔ انھوں نے اپنی یوروپی یونین ہم منصب فیڈریکا موگرینی سے بھی ملاقات کی جہاں دونوں قائدین کے درمیان تجارت ، دہشت گردی سے نمٹنے ، بحری سکیورٹی اور سرمایہ کاری کے موضوعات زیربحث آئے ۔ علاوہ ازیں روہنگیا پناہ گزین ، افغانستان ، مالدیپ ، ایران کے نیوکلیئر معاہدہ کا تحفظ اور کوریائی جزیرہ نما کو نیوکلیئر توانائی سے پاک کرنے کے لئے جاری سفارتی کوششیں بھی دونوں قائدین کی بات چیت کے موضوعات تھے ۔