بنگلور ۔ 29 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) انا ڈی ایم کے کی سربراہ جئے للیتا نے انہیں سنائی گئی سزا پر حکم التوا جاری کرنے اور فوری ضمانت منظور کرنے کرناٹک ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے ۔ اس سزا کی وجہ سے وہ چیف منسٹر کی کرسی سے محروم ہوگئی ہیں اور وہ رکن اسمبلی بھی نہیں رہیں۔ سمجھا جارہا ہے کہ معروف قانون داں رام جیٹھ ملانی نے جئے للیتا کی درخواست تیار کی ہے جس پر امکان ہے کہ کل سماعت ہوگی ۔ یہ سماعت وکیشن بنچ پر ہوگی ۔ اپنی درخواست میں جئے للیتا نے کہا کہ ان پر غیر محسوب اثاثہ جات کا الزام غلط ہے اور انہوں نے قانونی طریقہ سے جائیدادیں خریدی تھیں۔ جئے للیتا نے اپنی درخواست میں استدلال پیش کیا کہ ٹرائیل عدالت نے ‘ جس نے انہیں خاطی قرار دیا ہے ‘ کئی سابقہ فیصلوں کو نظر انداز کردیا ہے جن میں آمدنی اور اخراجات کے ان کے ادعا جات کو قبول کرلیا گیا تھا ۔ جئے للیتا نے کہا کہ انہوں نے فلموں میں کام کرتے ہوئے دولت کمائی تھی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق ہی جائیدادیں خریدی تھیں۔