سزائے موت :2 قیدی بھائی بری،تیسرے کوعمرقید

لاہور۔ 23جنوری۔(سیاست ڈاٹ کام) لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سزائے موت کے تین بھائیوں میں سے 2 قیدیوں کو بری جبکہ ایک بھائی کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کر دی ہے۔عنصر حیات، عامر حیات اور رفعت حیات پر 5 سالہ ارسلان کو 2011 میں فیصل آباد سے اغوا کر کے قتل کرنے کا الزام تھا۔تینوں بھائیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے تاوان کی رقم نہ ملنے پر 5 سالہ ارسلان کو قتل کیا۔2011 میں ہی سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو 2،2 بار سزائے موت کی سزاء سنائی تھی۔تینوں ملزمان نے ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی جس کے بعد 2 رکنی بینچ نے دو بھائیوں کو بری کر دیا جبکہ تیسرے ملزم رفعت حیات کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کر دی۔