ہال ٹکٹ سے محروم طلباء کو اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات میں اجازت دینے کا تیقن
حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت طلبہ کے ساتھ دغا بازی کرنے اور دھوکہ دیتے ہوئے سینکڑوں طلباء و طالبات کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والے سری واسوی جونیر کالج واقع ونستھلی پورم کے انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کرے گی، اور متاثرہ طلباء و طالبات کے ساتھ مکمل انصاف کرتے ہوئے اڈوانسڈ سپلیمنٹری انٹر میڈیٹ امتحانات میں شرکت کیلئے خصوصی اجازت دینے کا طلباء سرپرستوں کو تیقن دیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر برائے اُمور تعلیم مسٹر کے سری ہری نے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ واسوی جونیر کالج انتظامیہ نے زائد از 300 طلباء و طالبات کو دھوکہ دے کر آج انٹرمیڈیٹ امتحانات سے محروم رکھا جس کی وجہ سے ان تمام طلباء و طالبات کا مستقبل تاریک ہوجانے کا خدشہ پایا جاتا ہے۔ مسٹر سری ہری نے کہا کہ طلباء و طالبات کے ایک سال کو ضائع نہ ہونے دینے کیلئے اور طلباء و طالبات کے ایک قیمتی سال کو نقصان نہ پہنچنے کے مقصد سے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی عہدیداران بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کو واقعہ کی مکمل جانچ کرنے اور مذکورہ کالج انتظامیہ کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرکے سخت ترین قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس دوران کمشنر و سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن ڈاکٹر اشوک کمار نے بتایا کہ واسوی کالج انتظامیہ کی دھوکہ دہی کے نتیجہ میں آج 300 طلباء و طالبات انٹر میڈیٹ امتحان میں شرکت نہیں کرسکے کیونکہ سری واسوی جونیر کالج انتظامیہ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن میں طلباء و طالبات سے وصول کی گئی فیس رقومات داخل کرنے میں ناکام رہا۔ جس کے باعث ان طلباء و طالبات کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے ہال ٹکٹس جاری نہیں کئے جاسکے۔ جبکہ سری واسوی جونیرکالج انتظامیہ نے نہ صرف بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے ساتھ دھوکہ کیا بلکہ طلباء و طالبات کے ساتھ بھی دھوکہ کیا۔
کمشنر سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے امتحان میں شرکت سے محروم ہونے والے طلبہ کو ماہ مئی، جون میں منعقد ہونے والے اڈوانسڈ سپلیمنٹری انٹر میڈیٹ امتحانات میں شرکت کی اجازت دینے کا تیقن دیا۔