سری نگر ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گرمائی دارالحکومت سری نگر کے سیول لائنز میں ہفتہ کو اُس وقت افراتفری کی صورتحال پیدا ہوئی جب پولیس اہلکاروں نے ایک ہوٹل میں گولیوں کے کچھ راؤنڈ چلائے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک مشتبہ شخص سیول لائنز کے بڈشاہ چوک میں واقع ایک ہوٹل میں داخل ہوگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص جو کہ ذہنی طور پر معذورپایا گیا جسے پکڑنے سے قبل پولیس اہلکاروں نے گولیوں کے کچھ راؤنڈ چلائے ۔ تاہم گولیاں چلنے کے سبب سیول لائنز میں موجود لوگوں کو ایسا لگا کہ بڈشاہ چوک میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین جھڑپ شروع ہوئی ہے اور وہ بظاہر جنگجوؤں کو بچانے کیلئے بڑی تعداد میں بڈشاہ چوک پہنچے ۔ چوک میں جمع ہونے والے لوگوں نے بعد ازاں پولیس کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی شروع کی۔ تاہم سیکورٹی نے لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔