سری نگر ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جمعرات کو ائرانڈیا کی پرواز میں سوار مسافر اور عملے کے اراکین اُس وقت بال بال بچ گئے جب لینڈنگ کے دوران مذکورہ پرواز کے دو ٹائر پھٹ گئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ائرانڈیا چارٹر طیارہ (کوریئر سروسز) زیر نمبر اے آئی 3821 جو جموں سے سری نگر آرہا تھا، کا دوپہر دو بجے سری نگر ائرپورٹ پر لیڈنگ کے دوران دو ٹائر پھٹ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پرواز کے پائلٹ نے ایک بڑے حادثے کو ٹالا اور اس میں سوار سبھی 130 نیم فوجی اہلکار اور عملے کے اراکین محفوظ ہیں۔ اس حادثے کی وجہ سے سری نگر ائرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت کچھ دیر تک معطل رہی۔ یہ سری نگر ائرپورٹ پر گذشتہ برس کے جون سے پیش آنے والا اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے ۔ گذشتہ برس کے 15 جون کو ائرانڈیا کی ہی پرواز میں سوار 167 مسافر اور عملے کے اراکین اُس وقت بال بال بچ گئے تھے جب لیڈنگ کے دوران مذکورہ پرواز کا ٹائر پھٹ گیا تھا۔